ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم لیجسلیٹرس کی وزیراعلیٰ سے ملاقات بجٹ میں اقلیتوں کیلئے500؍کروڑ روپیوں کے اضافہ کی مانگ

مسلم لیجسلیٹرس کی وزیراعلیٰ سے ملاقات بجٹ میں اقلیتوں کیلئے500؍کروڑ روپیوں کے اضافہ کی مانگ

Wed, 27 Jun 2018 11:10:25    S.O. News Service

بنگلورو،27؍جون(ایس او نیوز) ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کو مختص کئے جانے والے فنڈ میں کم سے کم 500؍کروڑ روپئے اضافہ کرنے کی مانگ کو لے کر آج سابق مرکزی وزیر وسینئر قائد ڈاکٹر کے رحمٰن خان کی قیادت میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور، اوقاف، حج وغذا وشہری رسدات بی زیڈ ضمیر احمد خان، ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ یوٹی قادر سمیت دیگر مسلم لیجسلیٹرس کے ایک وفد نے ریس کورس کے ’’شکتی بھون‘‘ میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں اقلیتوں کو مختص فنڈ میں اضافہ کیاجائے۔ اقلیتوں کے لئے چلائے جارہے پروگرامس کو جاری رکھنے اور انتخابی منشور میں کانگریس اور جنتادل سکیولر دونوں پارٹیوں کی طرف سے اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

وزیراعلیٰ کمار سوامی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ افسروں سے تبادلہ خیال کریں گے اور گزشتہ مرتبہ سے زائد رقم بجٹ میں مختص کرنے کے سلسلہ میں سنجیدگی سے غور کریں گے۔ وفد میں شانتی نگر کے رکن اسمبلی این اے حارث، بیدر کے رکن اسمبلی رحیم خان، رکن کونسل عبدالجبار، بی ایم فاروق، مینارٹی کمیشن کے چیرمین نصیر احمد، کانگریس کے جنرل سکریٹری عبیداﷲ شریف نامزد کارپوریٹر سید مجاہد سمیت دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور، اوقاف، حج وغذا وشہری رسدات بی زیڈ ضمیر احمد خان نے بتایاکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے سال 2017-18ء میں 2147.13؍کرور روپئے مختص کئے گئے تھے۔ 2018-19ء کے دوران سدارامیا نے 2142.35؍کروڑ روپیوں کا بجٹ پیش کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ کم سے کم 500؍کروڑ روپئے کا اضافہ کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے لئے اقلیتی مرارجی دیسائی اقامتی اسکول؍ کالج اور ہاسٹل شروع کئے جائیں گے۔ اسکولوں سے دور ہوئے بچوں کو اسکول کی جانب راغب کرنے 200؍مولانا آزاد ماڈل اسکول شروع کئے جائیں۔

انہوں نے بتایاکہ یادداشت میں اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیاہے کہ نوتعمیر شدہ جج بھون میں بہتر بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔ اس لئے مسابقتی امتحانات کے لئے تربیتی سنٹر اور ڈیجیٹل لائبریری قائم کی جائے جس کے لئے فنڈ جاری کئے جائیں۔ انہوں نے بتایاکہ بدائی اسکیم کے تحت 2017-18ء کے دوران 135؍کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ 2018-19ء میں 50؍کروڑ دیئے گئے ہیں۔ اقلیتوں کے لئے بجٹ میں اضافہ پر غور کرنے کے لئے کل رات مسلم لیجسلیٹرس کا ایک اجلاس طلب کیاگیا تھا جس میں سابق مرکزی وزیر وسینئر کانگریس قائد ڈاکٹر کے رحمٰن خان، ضمیر احمد خان، یوٹی قادر، رکن پارلیمان ناصر حسین، اراکین اسمبلی این اے حارث، رحیم خان، بیگم قمرالاسلام، اراکین کونسل عبدالجبار، بی ایم فاروق، نصیراحمد، عبیداﷲ شریف، مینارٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری محمد محسن، مینارٹی ڈائرکٹریٹ کے ڈائرکٹر اکرم پاشاہ، وقف بورڈ سی ای او ذوالفقار اﷲ، سید مجاہد ودیگر موجود تھے۔


Share: